محمد یونس سپال مرحوم : ترے خلوص کا قائل تو اک زمانہ تھا ۔۔۔

n113350362027576_6836

 

محمد یونس سپال، ایک ایسی شخصیت جس کی زندہ دلی نے ایک عرصہ تک سب کو اپنے سحر میں لئے رکھا۔ میرا بھائی جب بھی کسی کو تکلیف میں دیکھتا فورا اپنا ہاتھ آگے بڑھا کر اس کے آنسو پونچھ لیتا تھا۔ کس کے چہرے پر اداسی کی جھلک نظر آتی تو اس کی پر لطف باتیں سب کے چہرے کی رونق بحال کر دیتی تھیں۔ اپریل 14، 2010 وہ دن جس دن سب کی آنکھوں سے آنسو پوچھنے والا، سب کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا انسان اعتبار شکنی کا کرب اپنے دل میں دبائے اس دنیا سے منہ موڑ گیا۔ انا للہ وانا علیہ راجعون۔ یونس بھائی آپ کا جانا ہم سب کی زندگی میں ایک ایسا خلاء بنا گیا ہے جو شائد کبھی پورا نہ ہو سکے۔ یونس بھائی آپ کے لئے کچھ نہ کر سکنے کا کرب تمام عمر میرے دل میں رہے گا, مجھے معاف کر دینا میرے بھائی۔ اللہ عز وجل سے التجا ہے کہ وہ آپ کی تمام خطائیں معاف فرمائے۔ اور آپ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے آمین

ہمیں خبر نہ تھی ناگاہ تم نے جانا تھا
چراغ بزم مسرت کا یوں بجھانا تھا

ابھی شباب کے دن تھے بہار کا موسم
شباب میں تجھے پیغام مرگ آنا تھا

یہ فیصلہ تھا مقدر کا، موسم گل میں
چمن میں برق نے اک آشیاں جلانا تھا

تمہارے خلق میں تسنیم کی لطافت تھی
تمہارا لہجہ محبت کا اک ترانا تھا

رضا و خدمت و تسلیم و شکر و حسن عمل
ہر ایک وصف کا گویا تو اک خزانہ تھا

وفا و مہر و محبت اصول تھے تیرے
ترے خلوص کا قائل تو اک زمانہ تھا

وہ تیری خندہ شعاری تیری کشادہ دلی
نسیم صبح تھی یا تیرا مسکرانا تھا

اے میرے بھائی!میرے مونس و مرے ہمدم
ترے ہی دم سے مرا معتبر فسانہ تھا

تری وفائوں کے قائل تھے غیر بھی لیکن
کسے خبر تھی کہ اپنوں نے دل دکھانا تھا

یہی تھا اپنا مقدر کہ برق سوزاں نے
ہماری مزرعِ امید کو جلانا تھا

اجل ہے محکم و پائندہ تر حیات کا نام
کمال قطرے کا دریا میں ڈوب جانا تھا

چمن میں برق اجل جب گری کہا میں نے
کسی نہال پہ میرا بھی آشیانہ تھا

خدا کرے تری تربت پہ پھول کھلتے رہیں
ہوائیں جوہر شبنم اڑا کے لاتی رہیں

گھٹائیں رحمت باری کی خیمہ زن ہر سو
کہ جن کے سائے میں حوریں ملار گاتی رہیں

تمہاری قبر میں روشن ہو نور کی مشعل
خموشیاں شب ساکن میں گنگناتی رہیں

آمین





2 تبصرے کئے گئے ہیں۔

  1. April 21, 2010
    شاکرالقادری نے لکھا ہے :

    اللہ تعالی آپ کے بھائی کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائیں اور انہیں ہمیشہ اپنے دامن رحمت میں رکھیں
    آمین

    comment-bottom
  2. April 21, 2010
    Muhammad Kashif Majeed نے لکھا ہے :

    آمین

    comment-bottom


کوئی ٹریک بیک / پنگ بیک نہیں آیا۔

اپنی رائے کا اظہار کیجئے ۔۔۔

اپنے بلاگ پر آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ آپ نیچے دئیے گئے فارم کی مدد سے اپنی رائے شامل کر سکتے ہیں، اس بلاگ پر آپ کی آراء کا مکمل احترام کیا جائے گا۔ لیکن میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنی رائے دیتے ہوئے اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں گے۔ کوشش کیجئے گا کہ آپ کے الفاظ کسی فرد یا گروہ کی دل شکنی کا باعث نہ بنے۔

emoticons